اسلام آباد ( پاک ترک نیوز)
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) پاکستان میں آنے والے ملک کی تاریخ کے بد ترین سیلاب میں متاثرین کی امداد اور برادر اسلامی ملک کو اس مشکل سے نکلنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
اس سلسلے میں اے ایف اے ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر حمزہ تادیلن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لئے امدادی مشن 7اگست سے جاری ہے۔ اور اب تک 11جہازوں اورتین ٹرینوں کے ذریعے20ہزار خیمے اورکھانے پینے کی اشیا کے 5لاکھ پیکٹ پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ اے ایف اے ڈی بے گھر ہونے والوں کے لیے مزید 100,000 خیمے اور 500,000 سے زیادہ کھانے کے ڈبوں کو بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اے ایف اے ڈی، ایک سرکاری ایجنسی ہے جو ترکی اور پوری دنیا میں آفات سے نمٹنے اور روک تھام کی کوششوںمیں مدد کرتی ہے۔ اس وقت اے ایف اے ڈی نے اپنی کوششوں کو صوبہ سندھ میں مرکوز کیا ہوا ہے جہاں سب سے زیادہ تباہی آئی ہے۔ اے ایف اے ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر حمزہ تادیلن کا کہنا ہے کہ ترکی نے اب تک پاکستان کو امداد کے 11 جہاز بھیجے ہیں اور 12ویں پرواز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ ریل روڈ کے ذریعے ملک میں امدادی ترسیل حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کیونکہ یہ انہیں زیادہ سامان لے جانے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین ٹرینیں پہلے ہی ترکی سے روانہ ہو چکی ہیں اور چوتھی جمعہ کو روانہ ہو گی۔ ہر ٹرین تقریباً 500 ٹن امداد لے کر جاتی ہے۔