ترکی میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک 11 فروری سے شروع کی جائے گی۔
چین سے منگوائی گئی کورونا ویکسین کی دوسری خوراک ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو آئندہ ہفتے ملے گی۔ واضح رہے 30 دسمبر کو چین کی کمپنی سینکو فارما کی کورونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں ترکی پہنچیں تھیں جبکہ 65 لاکھ ویکسین کی دوسری کھیپ 25 جنوری کو آئی تھی۔
اس وقت دوسرے مرحلے تحت 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
دوسرے مرحلے کے پہلے گروپ میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، کورونا وائرس کے تشویشناک حالت کے مریضوں، پرائیویٹ سیکیورٹی ورکرز، وزارت انصاف، قیدیوں، وزارت تعلیم کے تحت اساتذہ اور دیگر فیکلٹی ممبرز، فوڈ سیکٹر میں بیکری اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے ملازمین کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔
ترک وزیر تعلیم ضیا سلجوق نے کہا ہے کہ ترکی میں اسکول یکم مارچ کو کھول دیئے جائیں گے اس لئے اساتذہ اور اسکول اسٹاف کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
موذی امراض کے مریضوں کو تیسرے مرحلے میں ویکسین لگائی جائے گی۔ سب سے پہلے 40 سے 49 سال کے مریضوں کو ویکسین دی جائے گی جس کے بعد 30 سے 39 سال کے افراد اور آخر میں 18 سے 29 سال کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
ترکی میں سب سے پہلے وزیر صحت فرحتین کوجا اور ترکی کی کورونا وائرس سائنٹفک ایڈوائزری بورڈ کے ممبرز کو ویکسین دی گئی تھی جس کے بعد صدر رجب طیب ایردوان، نائب صدر فواد اوکتے، ترک وزرائے دفاع و خارجہ اور کابینہ کے دیگر وزرا کو ویکسین لگائی گئی تھی۔
نرسنگ ہوم کے عملے اور 90 سال کے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے۔
85 سال سے زائد عمر کے افراد کو ان کے گھروں میں 21 جنوری سے ویکسین پروگرام شروع کیا گیا ہے جو ابھی تک جاری ہے۔
اب تک 26 لاکھ 20 ہزار سے زائد عام افراد کو بھی ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے۔