انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہےکہ ترکی نے بحیرہ اسود میں 540 ارب کیوبک میٹر قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں اور جلد ہی توانائی کے شعبے میں خوشی کی بڑی خبر قوم کے ساتھ بانٹیں گے۔
دارالحکومت انقرہ میں حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کی نئی وژن دستاویز "ترکی کی صدی” کے اعلان کے لیے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وہ جلد ہی اس خوشخبری کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی ـ”ترک سٹریم” پائپ لائن منصوبے کے ذریعے یورپ میں روسی گیس بھی تقسیم کرے گا۔
اردوان نے یہ بھی کہا کہ کنال استنبول منصوبے پر جلد ہی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے اس منصوبے کی مخالفت کرنے پر مرکزی اپوزیشن ریپبلکن پیپلز پارٹی (CHP) پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ ہم جلد ہی کنال استنبول منصوبے کے لیے کام کا افتتاح کریں گے اور باسپورس کے علاقے کو ماحولیاتی تباہی سے بچائیں گے۔