استنبول (پاک ترک نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بڑا ریلیف ترک حکومت نے اشیائے خورد و نوش پر عائد ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ بنیادی اشیائے خوردونوش پر لاگو ٹیکس 8 فیصد سے 1 فیصد کردیا گیا ہے۔
ترک صدر نے ٹیکس میں کمی کے علاوہ اشیائے خورد و نوش کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امید کرتی ہے کہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 7فیصد تک کمی لائیں گی کیونکہ اشیائےخورد و نوش کی چیزیں ہی مہنگائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
ترک صدر کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ قوم مہنگائی تلے کُچلی جائے، یہ ہم کبھی نہیں ہونے دیں گے۔
گزشتہ ماہ جنوری کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں مہنگائی کی شرح میں 48 فیصد سالانہ اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ آزاد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ شرح 115 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔
دوسری جانب ترک حکومت کے ناقدین کا موقف ہے کہ ترکی میں مہنگائی کی وجہ طیب اردوان کا سود کی شرح میں کمی کا فیصلہ ہے۔