اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میٹرو بس منصوبے میں چین اور ترکی کی شرکت پر مشکور ہوں۔
پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ میٹرو بس منصوبے میں چین اور ترکی کی شرکت پر مشکور ہوں۔پاکستان کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون پر چین کی قیادت کے مشکور ہیں۔میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کی مجھے عادت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کے بھی شکر گزار ہیں۔ترکی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔رمضان المبارک میں میٹرو بس سروس مفت فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے ترکی کے سفیر اور چین کی ناظم الامور کے ہمراہ میٹرو بس کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ 4سال تعطل کا شکار رہا،یہ منصوبہ اسلام آباد اور قرب و جوار کے افراد کے لئے محمد نواز شریف کا تحفہ تھا۔اس منصوبے نے 2018میں مکمل ہونا تھا لیکن یہ بھی دیگر منصوبوں کی طرح التواء میں ڈال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اخراجات ہمیشہ قومی آمدن سے پورے کیے جاتے رہے،بدقسمتی سے پی ٹی آئی دور میں دفاعی اخراجات کے لئے بھی قرض لیا گیا۔پی ٹی آئی کے 4سالہ دور میں میٹروبس منصوبے کا نقشہ اور حلیہ بگاڑ دیا گیا۔تعطل کی وجہ سے منصوبے کو 4ارب سے زائد کا نقصان ہوا۔بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومنے والوں کو کیا احساس کہ غریب عوام کیسے سفر کرتی ہے۔
میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان لوگوں کو غریب عوام کا احساس ہوتا تو منصوبہ 4سال نہیں 4گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا۔ان لوگوں نے ترقیاتی منصوبوں میں سالہا سال حکم امتناعی حاصل کیے رکھے۔جس منصوبے پر موت کی کیفیت طاری تھی اسے 5روز میں بحال کر دیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم سے کبھی بھی غلط بیانی نہیں کروں گا۔قوم سے محبت اور ہمدردی کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں۔منصوبے کے لئے فی الحال پنجاب ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے 15بسیں ادھار لی ہیں۔جلد اس روٹ کے لئے نئی بسیں پہنچ جائیں گی ۔منصوبے کے لئے مشینیں اور ٹکٹ سب پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کے سی آر منصوبہ کراچی کے عوام کے لئے بہت اہم ہے۔پہلے لوگوں کو کہا جاتا تھا گھبرانا نہیں ہے. اب ہماری کارکردگی سے لوگ خود سمجھ جائیں گے کہ گھبرانا نہیں ہے۔