ولی عہد ابوظہبی کی ترک صدر سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

ابوظہبی (پاک ترک نیوز) ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید ترکی کے سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے ہیں۔ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بہ نفس نفیس ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔

ہوائی اڈے آمد پر ترکی کے اعلیٰ حکام اور فوج کے ایک گھڑسوار دستے نے معززمہمان کوخوش آمدید کہا۔پھرسلامی کے چبوترے پر ترک فوج کے ایک چاق چوبند دستے نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ترک صدر نے ابوظبی کے ولی عہد کا اپنی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ عہدے داروں سے تعارف کرایا۔

ترکی اور یو اے ای کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران میں مختلف علاقائی امور پرسخت اختلاف رائے رہا ہے اور وہ علاقائی تنازعات میں دومختلف متحارب فریقوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

ترک ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’’دونوں لیڈروں کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔‘‘یواے ای کے کسی اعلیٰ عہدہ دار کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔

Turk presidentturkeyUAE