گذشتہ سال 2020 میں ٹرکش ریڈ کریسنٹ نے غریب ممالک کے 3 کروڑ 70 لاکھ افراد کی مدد کی۔ تنظیم کے ڈائریکٹر کریم کنیک نے کہا کہ امدادی پروگراموں میں رضاکاروں اور ریڈ کریسنٹ کے پروفیشنلز نے بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی تنظیم نے اپنے امدادی پروگراموں کو حتمی شکل دے دی ہے اور مختلف ممالک میں رضاکاروں کو بھیجا جا رہا ہے۔
اس سال تنظیم مختلف لوگوں کو اپنے پاوْں پر کھڑا کرنے کے لئے ان کی مالی مدد کرے گی جس سے وہ کوئی چھوٹا کاروبار شروع کریں گے۔ تنظیم اس پورے مرحلے میں ان کی ہر طرح کی مدد کرے گی۔
اس سال تنظیم نے رضاکاروں کی تربیت کا ایک پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ جن ممالک میں تنظیم کام کر رہی ہے وہاں کے مقامی رضاکاروں کو تربیت دینے کا پروگرام شروع ہو چکا ہے۔ ٹرکش ریڈ کریسنٹ نے رضاکاروں کی تعداد 20 لاکھ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرکش ریڈ کریسنٹ کے قیام کو 150 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں ہر آٹھواں شہری بلڈ ڈونر ہے۔ اس وقت تنظیم کے پاس ایک کروڑ پانچ لاکھ سے زائد بلڈ ڈونرز رجسٹرڈ ہیں۔ سٹیم سیل ڈونرز کی تعداد آٹھ لاکھ ہے جبکہ کورونا وائرس کے تنظیم سے رجسٹرڈ پلازمہ ڈونر 50 ہزار ہیں۔
تنظیم نے اب تک ایک لاکھ افراد کو کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پلازمہ فراہم کیا ہے۔
ٹرکش ریڈ کریسنٹ 1868 میں قائم کی گئی تھی۔ ابتدا میں تنظیم کا کام ضرورت مند اور معذور افراد کو مدد فراہم کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کی صورت میں تنظیم نے اپنی خدمات پیش کیں۔