استنبول(پاک ترک نیوز) استنبول اپنی منفرد تاریخ اور ثقافت کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ ترکی کے اس عظیم میٹروپولس کو اپنے اہم محل وقوع کی وجہ سے بھی بہت اہمیت حاصل ہے جو اسے عالمی تجارتی گزرگاہ کی حیثیت سے ترکی سمیت دنیا بھر کے کاروباری افراد ، ہنرمندوں اور محنت کشوں کیلئے پرکشش بناتا ہے۔ ایسے میں جرائم پیشہ افراد کا سرگرم عمل ہونا بھی کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں جہاں چوری کے واقعات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے وہیں فراڈ اور دھوکہ دہی میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ برس دس ہزار سے زائد فراڈکے واقعات رپورٹ کئے گئے جو کہ 2020 میں ساڑے آٹھ ہزار کے قریب تھے۔ دھوکہ دہی کے بیشتر واقعات میں انٹرنیٹ اور فون کا استعمال کیاگیا۔ استنبول انتظامیہ کی جانب شہریوں کو اس حوالے محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
گزشتہ برس شہر میں انسداد دہشتگردی کی مجموعی طور پر 2769کاروائیاں کی گئیں اور 5563مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 1754دیگر افراد کو منظم جرائم کے خلاف کاروائیوں میں گرفتار کیا گیا ۔