انقرہ (پاک ترک نیوز) بحیرہ اسود میں اناج معاہدہ خطرے کی زد میں آ گیا کیونکہ ترکیہ اور اقوام متحدہ روسی جواب کے منتظر ہیں ۔
اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی میں معاہدہ جس میں بحیرہ اسود کے راستے یوکرائنی اناج کی برآمد کی اجازت دی گئی تھی اگر روس توسیع پر رضامند نہیں ہوتا تو آج ختم ہو جائے گا۔
میرین ٹریفک کی ویب سائٹ کے مطابقکلیئر ہونے والا آخری کارگو جہاز گزشتہ رو ز یوکرین سے روانہ ہوا اور بحیرہ اسود کے پار اوڈیسا کی بندرگاہ سے ترکیہ کی طرف روانہ ہوا۔
استنبول میں ہونے والی بات چیت کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا، جہاں ترکیہ اور اقوام متحدہ کے حکام ماسکو کو معاہدے کی ایک اور توسیع پر راضی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
روسی خبر رساں ایجنسی TASS نے اقوام متحدہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اب بھی پرامید ہیں کہ اس کی میعاد ختم ہونے سے پہلے معاہدے میں توسیع کر دی جائے گی۔
اس حوالےسے اقوام متحدہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم ابھی بھی ماسکو کا انتظار کر رہے ہیں، کچھ بھی ممکن ہے۔