کہرامن مراش (پاک ترک نیوز)
ترکی کی ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ ایڈمنسٹریشن (ٹی او کے آئی) نے زلزلہ سے متاثرہ صوبہ کہرامن مراش کے افشین ضلع میں 501 مکانات کے اپنے پہلے رہائشی منصوبے کے لیے کھدائی شروع کر دی ہے۔
ماحولیات، شہر کاری اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت سے وابستہ ٹی او کے آئی کی مدد سے کہرامن مراش میں متاثرین کے لیے عارضی پناہ گاہوں کے ساتھ ایک مستقل رہائش کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ٹی او کے آئی کا مقصد قومی سطح پر ترکی میں رہائش اور شہر کاری کے حوالے سے مسائل کے حل کو بنیادی طور پر اختراع کرنا ہے اور ایک صحت مند شہری ماحول میں مناسب معیاری رہائش کے حصول کے لیےاقدامات اٹھاناہے۔
منصوبے سے متعلق تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے، میئر افشین مہمت فتح گوون نے کہا کہ متعلقہ 501 رہائش گاہیں 24 اپارٹمنٹ عمارتوں پر مشتمل ہوں گی۔ ضروری تجزیے کیے جا چکے ہیں، اور چٹان کی ٹھوس زمین پر بنیادوں کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بنایا گیا ہے کہ ہماری ٹی او کے آئی کی مستقل رہائش گاہیں 180 دنوں کے اندر زلزلہ زدگان کے حوالے کر دی جائیں گی۔ ہم زخموں کو مندمل کر رہے ہیں اور اپنی ریاست اور قوم کے اتحاد کے ساتھ ہم افشین میں ایک بہتر مستقبل کی تیاری کر رہے ہیں۔