14ہزار معصوم فلسطینی بچوں کےقاتل اسرائیل نے ہٹلر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اردوان

استنبول (پاک ترک نیوز)
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر غزہ پر اسرائیل کی جاری نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے محاصرہ شدہ غزہ کی پٹی میں تقریباً 14000 معصوم فلسطینی بچوں کے قتل عام سمیت جرائم کے ارتکاب میں ہٹلر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری میڈیا کی جمعرات کی صبح کی رپورٹ کے مطابق صدر اردوان نے اپنی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ مغرب کی غیر مشروط حمایت نے صیہونی حکومت کو غزہ اور مغربی کنارے دونوں میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کا قتل بنی نوع انسان کی تاریخ کے سب سے شرمناک واقعات میں سے ایک ہے۔
اردوان نے فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی جدوجہد کا موازنہ سو سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل ترکیہ کی جنگ آزادی سے کیا اور کہا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ آزادی کے حصول کے لیے کیا قیمت ادا کرنا ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر طرح سے کھڑا ہے۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر کے اوائل میں غزہ پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 13,800 سے زائد فلسطینی بچےجاں حق ہو چکے ہیں۔جبکہ فلسطینی وزارت صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 33,899 اور زخمیوں کی تعداد 76,664 ہو گئی ہے۔

#ANKARA#gaza#hammas#hitlar#isreal#istanbul#PakTurkNews#RecepTayyipErdoğanturkey