بغداد (پاک ترک نیوز)
ترک صدر رجب طیب اردوان13سال بعدعراق کے تاریخی دورے پر بغداد روانہ ہو گئے ۔ اس دورہ میں پانی کے مسئلے پر اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے بتایا کہ پیر کو طے شدہ اس دورے میںدو اسٹریٹجک معاہدوں اور 20 سے زیادہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ ایک اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کا باعث بنے گا۔ اس میں پانی کے مسئلے سمیت کئی دوسرے امور پر بات کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عراق کے لیے پانی کے مسائل اور ترکیہ کے لیے سکیورٹی اہم مسائل ہیں کیونکہ عراق پانی کی کمی کا شکار ہے اور ترکیہ اس میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پر کام کرنے کی ضرورت کو دیکھتا ہے۔ یہ دورہ عراق اور ترکیہ کے تعلقات کے لیے ایک بہت بڑا نقطہ آغاز ہو گا جس کی تاریخ میں پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ عراق اور ترکیہ کے درمیان مسائل کوختم کرنے کا آغاز ہو گا۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد کی ضمانت دیتا ہے۔
صدر اردوان نے گذشتہ سال عراق کا دورہ کرنا تھا لیکن یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر سکیورٹی کے مسائل اور مارچ 2023ء میں فرانس کی ایک عدالت کے فیصلے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا جس میں انقرہ پر عراق کے حق میں 1.4 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔