ترکیہ اور شام کے درمیان برف پگھلانے کی روسی کو شش

ماسکو (پاک ترک نیوز)
روس کی میزبانی میںترکیہ، شامی حکومت اور ایران کے درمیان چار طرفہ مزاکراتی اجلاس دو روز منعقد ہو گا۔جس میں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے اقدامات پر مشاورت اور تکنیکی امور کو طے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔تاکہ اعلیٰ سطحی مزاکرات کی راہ ہموار ہو سکے۔
روسی سفارتی ذرائع نے پیرکے روز ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مزاکراتی اجلاس بدھ اور جمعرات کو ماسکو میں منعقد ہو گا۔ جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ترکیہ اور شامی حکومت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے دو روزہ مذاکرات میں ترک وفد کی قیادت ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ براک اکاپر کریں گے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف جو مشرق وسطیٰ کے لیے پیوٹن کے خصوصی نمائندے کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، کریملن کی نمائندگی کریں گے۔ اسی طرح ایرانی وزیر خارجہ کے سیاسی امور کے مشیر علی اشگر خاجی تہران کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ مذاکرات میں اسد حکومت کے نائب وزیر خارجہ ایمن سوسن شامی حکومت کی نمائندگی کریںگے۔
گزشتہ ہفتے ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اولو نے اعلان کیا تھا کہ ترکیہ، روس، ایران اور شام کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایک ترک وفد تکنیکی بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے ماسکو کا دورہ کرے گا۔

#masscow#PakTurkNews#pkk#turkiarussiaSyriaturkey