ترکیہ میں تیارکردہ پہلی الیکٹرک گاڑی مارکیٹ میں آ گئی

انقرہ(پاک ترک نیوز)

ترکیہ میں مقامی طور پر تیارکردہ پہلی الیکٹرک کار Togg کو مارکٰیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ توگ کی پہلی دو گاڑیوں کو صدر اردوان اور ان کی اہلیہ خاتونِ اول ایمنیے اردوان کے حوالے کردیا گیا۔ صدارتی محل میں ہونے والی تقریب میں دونوں کاروں کی ترسیل کے بعد ترکیہ کی توگ گاڑیوں کی باقاعدہ ترسیل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے پہلی ترک الیکٹرک کار Togg T10X کی ترسیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہم "توگ ” کو راستوں پر دیکھیں گے۔

ترکیہ کی مقامی الیکٹرک کار توگ T10X، 2023 میں 20 ہزار خوش نصیب لوگوں کو فروخت کی جائے گی۔ گاڑی خریدنے والے 20 ہزار افراد کے ناموں کا اعلان قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے۔جبکہ 20 ہزار ریزور ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے داخلی سطح پر تیار کردہ پروٹو ٹائپ گاڑی کا دسمبر 2019 میں افتتاح کیا تھا۔


ترکیہ کارسازی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور کار سازی کے شعبے میں اس وقت دنیا کی بڑی کمپنیاں جیسے فورڈ، رینالٹ، ٹویوٹا اور ہنڈائی پیداوار کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان فیکٹریوں میں اسمبلنگ کا کام ہی کیا جاتا ہے جبکہ کاروں کے ڈیزائن اور پرزہ جات دیگر ممالک میں تیار ہوتے ہیں۔
ترکیہ کا "آٹوموبائل جوائنٹ وینچر گروپ” 15 سال میں الیکٹرک کاروں کے 5 ماڈل تیار کرے گا۔ گروپ میں 5 کمپنیاں اور ایک بزنس یونین شامل ہے۔ ابتدائی طور پر تیار ہونے والے ایس یو وی اور سیڈان ماڈل بورصہ شہر میں لگائے گئے یونٹ میں تیار کی جا رہی ہیں۔ اس منصوبے پر 13 سال میں 22 ارب لیرا (3.7 ارب ڈالر) خرچ ہوں گے جبکہ 4 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ حکومت ترکیہ اور کمپنی کے درمیان معاہدے کے مطابق حکومت پراجیکٹ کے لیے زمین فراہم کرے گی اور ٹیکسوں میں چھوٹ دے گی۔ 2035 تک کمپنی کو سالانہ 30 ہزار کاروں کی خریداری کی گارنٹی بھی دی گئی ہے۔

#ANKARA#Bursa#electriccar#electricvehical#paktruknews#turkiaturkey