ترک طیارے ’’ کان ‘‘ کی پہلی آزمائشی پرواز دسمبر میں ہو گی

انقرہ (پاک ترک نیوز) ترک طیارے ’’ کان ‘‘ کی پہلی آزمائشی پرواز دسمبرکے آخر میں ہو گی ۔
تفصیلات کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی اور سٹیلتھ صلاحیتوں کا حامل ’کان‘ (KAAN) سٹیلتھ ایئرکرافٹ دسمبر کے آخر میں اپنی پہلی اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے۔
کان سٹیلتھ ایئرکرافٹ بنیادی طور پر ترک ایروسپیس انڈسٹریز(ٹی اے آئی) کی پیداوار ہے، تاہم اس پروگرام کو پاکستان اور آذربائیجان کی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے اور اب دونوں ملک باقاعدہ اس پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں۔یہ طیارہ رواں سال 27دسمبر کو اپنی پہلی اڑان بھرے گا۔ مبینہ طور پر یہ طیارہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
ترک کمپنی برطانیہ کی رولز رائس کمپنی کے ساتھ مل کر نئے انجن کی تیاری پر بھی کام کر رہی ہے، پاک ترک ففتھ جنریشن طیارہ 21 میٹر طویل اور اس کے پروں کا پھیلاؤ 14 میٹر تک ہو گا، طیارے کا ٹیک آف وزن 27 ہزار 215 کلو گرام ہو گا جبکہ طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار ملک 1.8 جبکہ کومبیٹ رینج 1100 کلومیٹر ہوگی۔
یہ طیارہ تین برادر ممالک پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد ایروسپیس انڈسٹری میں انقلاب برپا کرنا اور تینوں ممالک کے مابین تژویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

 

#ANKARA#fighterjet#isatanbul#jet#kaan#PakTurkNews#planePakistanturkey