انقرہ(پاک ترک نیوز)
ترکیہ کا وفد کل سے ماسکو میں شام پر ہونے والے چار فریقی مذاکرات میں انسداد دہشت گردی، شام میں سیاسی عمل کی بحالی اور آئینی کمیٹی کے اجلاسوں کے تسلسل پر توجہ مرکوز کرے گا۔
نائن وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے ان تکنیکی مزاکرات میںترکیہ کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ براک اچکاپر کریں گے۔ روس کی نمائندگی مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے خصوصی صدارتی ایلچی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کریں گے۔ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ کے سینئر مشیر برائے خصوصی سیاسی امور علی اصغر خاجی کریں گے اور شامی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ ایمن سوسن کریں گے۔ ان تکنیکی نوعیت کے مذاکرات میں چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی تیاری کی جائے گی۔
انقرہ اور دمشق کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کے تحت روس، شام اور ترکی کے وزرائے دفاع کے درمیان مشاورت 28 دسمبر 2022 کو ماسکو میں ہوئی تھی۔ اس اجلاس کے شرکاء نے سہ فریقی کمیشن بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور شام کے صدر بشار الاسد کے درمیان مذاکرات کے امکان پر تبادلہ خیال کے لیے مشاورت کے بعد تینوں ممالک کے اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔