اقوام متحدہ(پاک ترک نیوز)
امریکہ، کینیڈا اور جاپان نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے مزید آٹھ کروڑ 62لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ملکوں کی جانب سے اس نئی امداد کا اعلان اقوام متحدہ کے عالمی برادری کو فوری مزید امداد فراہم کرنے کی اپیل کے بعد کیا گیا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کے زلزلے سے متاثر ہونے والے پناہ گزینوں کو پانچ کروڑ ڈالر تک کی امداد فراہم کرے گا۔جس کا اختیار انہوں نے وزیر خارجہ انتونی بلنکن کو دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز امیگریشن اینڈ ریفیوجی ریلیف ایکٹ (MRAA) کے تحت یو ایس ریفیوجی اینڈ مائیگریشن ایمرجنسی اسسٹنس فنڈ (ERMA) سے متاثرہ افراد کو فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح کینیڈا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر ہرجیت سجن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فنڈزدو کروڑ کینیڈین ڈالر براہ راست ریلیف سے، اور حکومت انسانی ہمدردی کے اتحاد کے لیےایک کروڑ کینیڈین ڈالر کے فنڈز کا اجرا کرے گی۔چنانچہ کینیڈا کی امداد کی تازہ مالیت دو کروڑ 20لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔
جبکہ جاپان کی حکومت نے بھی اقوام متحدہ کے ایما پر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے مزید ایک کروڑ 60لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے جس کے بعد جاپان کی جانب سے زلزلہ امتاثرین کے لئے فراہم کی جانے والی امداد کی مجموعی رقم دو کروڑ 70لاکھ ڈالر ہو گئی ہے۔