ترکیہ نیٹو شمولیت کیلئے فن لینڈ کی حمایت کر سکتا ہے ،سویڈن کی نہیں ،اردوان

انقرہ (پاک ترک نیوز ) ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ترکیہ فن لینڈ کی نیٹو اتحاد میں شمولیت پر راضی ہو سکتا ہے لیکن سویڈن کی شمولیت پر رضا مندی ظاہر نہیں کرے گا۔
ترکیہ کے صدر نے اپنے حالیہ بیان میں سویڈن کی جانب سے مبینہ طور پر کرد عسکریت پسند گروپوں اور ان کی حکومت کے دیگر ناقدین سے منسلک درجنوں افراد کی حوالگی سے انکار پر تنقید کی۔
اردوان نے کہا کہ ’’ ہم نے سویڈن کو 120 افراد کی فہرست دی اور ان سے کہا کہ وہ ان دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کر دیں، اگر سویڈن ان افراد کو ہمارے حوالے نہیں کرتا تو ترکیہ فن لینڈ کے بارے مختلف ردعمل دے سکتا ہے مگر سویڈن کو صدمہ پہنچے گا ‘‘۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے بعد ترکیہ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا اور ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے حوالے سے جاری بات چیت کے عمل کو بھی معطل کر دیا ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے جواب میں سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی جسے دیگر رکن ممالک کی جانب سے منظور کیا گیا مگر ترکیہ کی جانب سے تاحال رضا مندی ظاہر نہیں کی گئی۔

 

#ANKARA#PakTurkNews#turke#turkiafinlandnatoSwedenturkey