انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ کا کہنا ہے کہ انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب خودکش حملے اور فائرنگ کے بعد شمالی عراق میں کارروائی کے دوران پی کے کے کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔
ترکیہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت انقرہ میں ایک سرکاری عمارت پر خودکش حملے کے بعد شمالی عراق میں کردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
ترک وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی کارروائی میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (PKK) گروپ کے تقریباً 20 اہداف کو "تباہ” کر دیا گیا، جن میں غار، پناہ گاہیں اور ڈپو شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے عراق کے گارا، ہاکورک، میٹینا اور قندیل میں PKK کے ٹھکانوں پر فضائی حملے تیز کر دیے۔یہ حملے انقرہ میں وزارت داخلہ کی عمارت کے داخلی دروازے کے قریب ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد کے دھماکے کے چند گھنٹے بعد کیے جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ دوسرا حملہ آور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔