انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کاکہنا ہے کہ اگر جنگ بندی ہو جاتی ہے تو ترکی غزہ کی تعمیر نو میں مدد کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کےمطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے ہفتے کے روز کہا کہ اگر غزہ میں جنگ بندی ہو جاتی ہے تو ترکیہ تباہ شدہ انفراسٹرکچر، ہسپتالوں اور سکولوں کی تعمیر نو کے لیے کوششیں کرے گا۔
اردوان نے برلن کے دورے سے واپسی پر اپنے طیارے میں صحافیوں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ بندی ہو جاتی ہے تو ہم اسرائیل کی طرف سے ہونے والی تباہی کی تلافی کے لیے جو بھی ضروری ہوگا وہ کریں گے،‘‘
ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے دورہ کے دوران جرمن رہنماؤں سے بات چیت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو اور تباہ شدہ سکولوں، ہسپتالوں، پانی اور توانائی کی سہولیات کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کریں گے۔
اسرائیلی حملوں سے اہم انفراسٹرکچر، ہسپتالوں اور سکولوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 13000ہو گئی ہے جب کہ ہزاروں لاپتہ ہیں۔