انقرہ(پاک ترک نیوز)
ترکیہ دفاعی مصنوعات کی تیاری میں دنیا بھر میں اہم مقام حاصل کرتا جا رہا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز کیریئر ٹی سی جی انادولو کو مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے۔ ٹی سی جی انادولو بحری جہاز ہیلی کاپٹر، گاڑیاں، جنگی جہاز لےجانےکی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول شپ یارڈ میں ڈرونز کیریئر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹی سی جی انادولو ہمیں ضرورت پڑنے پر دنیا کے ہر کونے میں فوجی اور انسانی مشن میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ جہاز ترکیہ کی علاقائی قیادت کی پوزیشن کی علامت ہے۔
231 میٹر لمبے اور 32 میٹر چوڑے TCG Anadolu کے فلائٹ ڈیک پر 10 ہیلی کاپٹر یا 11 ڈرونز کو پارک کرنے کی گنجائش ہے۔ جب کہ ہینگر میں 19 ہیلی کاپٹر یا 30 ڈرونز کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے ۔ 1223افراد بحری جہاز پر خدمات ادا کر سکتے ہیں۔یہ جہاز 94 گاڑیاں لے جا سکتا ہے، جن میں 13 ٹینک، 27 بکتر بند ایمفیبیئس اسالٹ وہیکلز ، 6 بکتر بند پرسنل کیریئرز، 33 متفرق گاڑیاں، اور 15 ٹریلر گاڑیاں شامل ہیں۔ 27 ہزار 436 ٹن کے زیادہ سے زیادہ مکمل بوجھ کے ساتھ جہاز 20.5 ناٹس کی زیادہ سے زیادہ رفتار اور 16 ناٹ کی اکانومک رفتار سے سفر کر سکتا ہے۔
یہ بحری جہاز ڈرونز رن وے کے ساتھ دنیا کا پہلا ڈرون بحری جہاز ہے ، جس کے لیے بائکار کی جانب سے پر فولڈ ہو سکنے والے بائراکتار ٹی بی تھری آرمڈ ڈرون تیار کیا جا رہا ہے۔
جہاز پر ہتھیاروں کے نظام، وار مینجمنٹ سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر سسٹم، انفراریڈ سرچ اینڈ ٹریکنگ سسٹم، الیکٹرو آپٹیکل سرچ سسٹم، لیزر وارننگ سسٹم، تارپیڈو ڈیفنس سسٹم، ریڈارز، کمیونیکیشن سسٹم، نیوی گیشن سسٹم، معلومات کی تقسیم کے نظام کو ملکی اور قومی وسائل کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
ضرورت پڑنے پر جہاز کو قدرتی آفات کے امدادی مشنز کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہسپتال اور آپریٹنگ روم کی سہولیات کی ساتھ یہ قدرتی آفات میں امداد، انسانی امداد اور پناہ گزینوں کے انخلا کے کاموں میں طبی امداد فراہم کر سکے گا۔