وزیرِ اعظم سے ترک سفیر مہمت پاچاجی کی ملاقات

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی کی اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے اپنےحالیہ دورہ ترکیہ کے دوران شاندار مہمان نوازی پر صدر رجب طیب اردوان اور حکومت ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے مابین بردارانہ تاریخی تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کیلئے بہت عزت و احترام رکھتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ کی نئی بننے والی کابینہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اعلی تعلیم، سیاحت، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ و دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ وزیرِ اعظم نے اپنے دورے کے دوران ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت بیرونی سرمایہ کاری کا موزوں ترین وقت ہے جبکہ ترک کمپنیوں کی اس حوالے سے گہری دلچسپی خوش آئند ہے۔
وزیرِ اعظم نے ترک سفیر کو صدر رجب طیب اردوان کے پاکستان کے دورے کی دعوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہائی لیول اسٹریٹجک کواپریٹیو کونسل کے ساتویں اجلاس کیلئے ترک صدر کے پاکستان کے دورے کا منتظر ہے۔

#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharif#turkembassidorPakistanturkey