انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترک وزیر خارجہ مولودچاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکیہ شمال مغربی شام کے پیر کے روز آنے والے زلزلے میں تباہ ہونے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے دو مزید سرحدی راہداریاں کھولنے پرکام کر رہا ہے۔
ترکیہ کے نائب صدر فاؤت آکتےکے ہمراہ گذشتہ روز مشترکہ نیوز کانفرنس میں بات کرتے ہوئےچاوش اولو نے کہا کہ سلوی گزوگیٹ پہلے ہی کھلا ہے۔ لیکن زلزلوں کی تباہ کاری کے بعد مزید راہداریاں کھولنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے۔ اور ترکی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری مدد بھی فراہم کررہا ہےتا کہ اسکی فضائی حدود کو استعمال میں لاتے ہوئے امداد شام تک پہنچ جائے۔
شام کے سرکاری میڈیا اور اپوزیشن کے زیر قبضہ شمال مغرب میں کام کرنے والی ایک ریسکیو سروس کے مطابق بدھ کی رات تک شام میں پیر کے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 3100 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یاد رہے کہ جنگ سے تباہ حال ملک نے اقوام متحدہ اور تمام رکن ممالک سے امدادی سرگرمیوں، صحت کی خدمات، پناہ گاہوں اور خوراک کی شکل میں امدادفراہم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔