انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کل ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے دو روزہ مذاکرات کے آغاز پر ملاقات کریں گے۔
سفارتی ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ ترک روس تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دورے کی تصدیق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے بھی کی۔زاخارووا نے صحافیوں کو بتایال کہ لاوروف اور فیدان خطے کی صورت حال پر بات کریں گے، خاص طور پر یوکرین، شام، لیبیا، ٹرانسکاکیشیا سے متعلقہ امور زیر بحث آئیں گے۔
یہ ملاقات فیدان کے گزشتہ ہفتے کیف کے دورے کے بعد ہورہی ہے جہاں انہوں نے روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں، زیلنسکی کے 10 قدمی امن فارمولے اور بحیرہ اسود کے اہم اناج معاہدے کی بحالی پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔
روس اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی یہ بات چیت ترک اور روسی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات سے پہلے بھی ہو رہی ہے۔انقرہ نے تصدیق کی ہے کہ صدر رجب طیب اردوان "جلد ہی” سوچی کا سفر کریں گے اور ممکنہ طور پر اگلے ہفتے 4 ستمبر کو صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے تاکہ ماسکو کو اناج کے معاہدے پر واپس لایا جا سکے۔