انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ فلسطینی بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ترکیہ ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
ترک صدر اردوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک خفیہ ایجنسی کے سربراہ حماس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مل کر اسرائیلی جبر سے بچانا ہے۔
اردوان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری تاریخی ذمہ داری ہے کہ اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کریں، ہمارا فرض ہے کہ یروشلم کے مقدس مقامات بشمول حرم اول شریف اور دیگر مقامات کی حفاظت کریں۔
ترک صدر نے واضح کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ترکیہ ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
یاد رہے ترک صدر نے غزہ کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ یورپی یونین غزہ پر منصفانہ انداز میں بات کرنے میں ناکام رہی، یورپی یونین پر ہمارابھروسہ ختم ہوگیا ہے، ہم غزہ میں امن کیلئے ضامن بننے کو تیار ہیں۔
صدر اردوان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطے ختم کرنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیتن یاہوسےاب کوئی با ت نہیں ہوسکتی، وہ سب سے زیادہ قصور وار ہیں۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا گیا، دنیا کی آنکھیں بند ہیں، ترکیہ غزہ میں فیلڈ اسپتال بھیجنے کے لیے تیار ہے۔