ریاض (پاک ترک نیوز) سعودی عرب میں ترکیہ سپر کپ کا فائنل اتاترک ٹی شرٹ کے تنازع کے درمیان منسوخ کر دیا گیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کھیلے جانے والے گالاتاسرائے اور فینرباہس کے درمیان ترک سپر کپ کا فائنل کھلاڑیوں کی جرسیوں کے بارے میں واضح اختلاف کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
ترک فٹ بال فیڈریشن (TFF) اور دونوں ٹیمیں ملتوی ہونے والے میچ کے بعد ہفتہ کو استنبول واپس آئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایونٹ کی تنظیم میں "کچھ مسائل” کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ استنبول کی دونوں فٹ بال ٹیموں کے کھلاڑی میچ سے قبل وارم اپ کے دوران ایسی ٹی شرٹس پہننا چاہتے تھے جس میں جدید ترک جمہوریہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک کی تصویر موجود تھی، لیکن انہیں ایسا کرنے کا اختیار نہیں تھا۔
ترک میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے میچ سے قبل سیاسی نعروں اور اتاترک ٹی شرٹس پر مشتمل بینرز کو آویزاں کرنے کی اجازت نہیں دی تھی، جن میں اتاترک کے "گھر میں امن، دنیا میں امن” کے نعرے بھی شامل تھے۔