انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ سمیت مختلف ممالک نے قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف سویڈن سے شدید احتجاج کیا ہے ۔
اسلام کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی دوبارہ اجازت دینے پر مختلف ممالک میں سویڈن کے سفیروں کو طلب کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے ریاض میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کیا اور انہیں احتجاجی نوٹ تھمایا۔
ترکیہ نے اسے "قابل نفرت حملہ” قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور سویڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام کے خلاف "اس نفرت انگیز جرم کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات” کرے۔
ترک وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم اپنی مقدس کتاب کو نشانہ بنانے والے نفرت انگیز حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔”
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے تہران میں سویڈن کے سفیر کو طلب کر کے "قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید احتجاج” کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وسطی بغداد میں مظاہرین نے سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگا دی گئی تھی۔